ایران نے حکومت عراق کی مکمل حمایت کا اعلان کیا
ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کی ہے کہ ایران ماضی کی مانند عراقی قوم کے مفاد میں کامیابی کے لئے اس ملک کی حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عراق کے نو منتخب وزیر اعظم مصطفی الکاظمی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا ہے کہ عراق میں امن و سیاسی استحکام، آزادی، قومی اقتدار اعلی اور یکجہتی ایران کے لئے بڑی اہمیت کی حامل ہے اور امید کی جاتی ہے کہ تہران اور بغداد کے دوستانہ تعلقات ماضی سے زیادہ فروغ پائیں گے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقے میں امن و استحکام اور اس کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران، جس طرح سے داعش کے خلاف جد و جہد میں عراقی عوام کے ساتھ رہا ہے، آئندہ بھی عراق میں سیاسی استحکام اور اس ملک کی ترقی و پیشرفت کے لئے حکومت عراق کے ساتھ دیتا رہے گا۔
صدر ایران نے تہران اور بغداد کے درمیان ماضی کے سمجھوتوں پر عملدرآمد اور زمینی سرحدوں پر تجارتی لین دین کے علاوہ سرحدی منڈیوں کو فعال بنائے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت نے دنیا میں کورونا وائرس پھیلنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس وبا کے خلاف مہم میں بھی حکومت عراق کے ساتھ تعاون سے متعلق ایران کی آمادگی کا اعلان کیا۔
عراق کے وزیر اعظم نے بھی اس ٹیلیفونی گفتگو میں اسلامی جمہوریہ ایران کو عراق کا دوست اور برادر ملک قرار دیا اور تاکید کی کہ بغداد، عراق میں امن و استحکام کے قیام اور خاص طور سے داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف مہم میں علاقے کے ایک کلیدی ملک کی حیثیت سے ایران کی امداد و تعاون کو ہرگز فراموش نہیں کرے گا۔
مصطفی الکاظمی نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا اور سرحدوں کو کھولنے اور تجارتی لین دین کو ایران اور عراق کے اقتصادی تعلقات کے فروغ کا موجب قرار دیا۔