ایران کی تیار کردہ کورونا ٹیسٹ کٹس ترکی اور جرمنی کو برآمد
اسلامی جمہوریہ ایران نے پابندیوں کے باوجود نہ صرف یہ کہ خود کورونا ٹیسٹ کٹس تیار کیں بلکہ دوسرے ملکوں کی مدد کی غرض سے اب انہیں ترکی اور جرمنی جیسے ملکوں کو بھی برآمد کرنا شروع کر دیا ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر کیانوش جہانپور نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ایران کی تیار کردہ کورونا ٹیسٹ کٹس جرمنی اور ترکی کے لئے ارسال کردی گئی ہیں۔
ترکی ایک ایسا ملک ہے جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور جرمنی میں بھی اس وقت کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ چوہتر ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ سات ہزار سے زیادہ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے مراحل پوری کامیابی سے طے کئے ہیں اور ملک میں یکے بعد دیگرے اس سلسلے میں تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ ایران نے لاک ڈاؤن کے بغیر اسمارٹ سوشل ڈسٹینسنگ کے ذریعے کورونا کو شکست دی ہے۔
دنیا میں اب تک چار ملین چارلاکھ اکتیس ہزار افراد کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے کم سے دو لاکھ اٹھانوے ہزار افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ ایک ملین چھے لاکھ افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔