May ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۵ Asia/Tehran
  • خلل اندازی برداشت نہیں کی جائے گی: وزیر دفاع

ایران کے وزیر دفاع نے ایرانی آئل ٹینکروں کے لئے کسی بھی قسم کی خلل اندازی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور دیگر ممالک اس بات کو جانتے ہیں کہ کسی بھی طرح کی خلل اندازی کا ایران کی جانب سے منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔

ایران کے وزیر دفاع جنرل امیر حاتمی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس کے موقع پر امریکہ کی جانب سے ایرانی بحری آئل ٹینکروں کی راہ میں خلل پیدا کئے جانے کو ایک طرح کی بحری قزاقی قرار دیا اور کہا کہ ایران کے آئل ٹینکروں کی راہ میں رکاوٹ عالمی قوانین اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے خلاف ہے اور بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں ردعمل ظاہر کریں۔

انہوں نے ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کے خاتمے کی راہ میں امریکہ کی جانب سے رکاوٹ پیدا کئے جانے کی کوششوں کو اس کی خباثت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد کی بنیاد پر ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کا خاتمہ ایران کا مسلمہ حق ہے جس کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ، ایٹمی معاہدے سے باہر نکل چکا ہے اس لئے وہ ایران کے خلاف کسی بھی مسئلے میں اس معاہدے کا سہارا نہیں لے سکتا۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیؤ نے کچھ عرصے قبل دعوی کیا تھا کہ امریکہ قرارداد بائیس اکتیس میں شامل ایک ملک ہے اور اس قرارداد کی گیارہویں شق کی بنیاد پر وہ ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کی مدت میں توسیع کا خواہاں ہے۔

ٹیگس