Jun ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • امریکا خود دہشت گردوں کا سب سے بڑا حامی ہے: ایران

ایران نے دہشت گردی کے حوالے سے امریکہ کی سالانہ رپورٹ میں واشنگٹن کی الزام تراشیوں پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ، ریاستی دہشت گردی کا سب سے بڑا حامی ہونے کے لحاظ سے اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دعوی کرے اور اس سلسلے میں کوئی فیصلہ کرسکے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے امریکی حکومت کی جانب سے دہشت گردی کے حوالے سے سالانہ رپورٹ شائع ہونے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، دہشت گردی سے متعلق امریکی حکومت کی شائع کردہ رپورٹ کو کھلی الزام تراشی، سراسر جھوٹ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ کے دوہرے معیارات کی حامل سمجھتا ہے اور اس کی پوری طرح مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کرتا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ، ریاستی دہشت گردی اور جارح و غاصب صیہونی حکومت کا سب سے بڑا حامی ہے اور اس بنا پر وہ اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دعوی کرے اور اس ضمن میں کوئی فیصلہ کرسکے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دہائیوں کی تاریخ خود گواہ ہے کہ امریکہ نے بعض دہشت گرد گروہوں کی تشکیل میں کردار ادا کیا ہے یا ان کی حمایت کی ہے اور ٹرمپ نے بھی انتخابی مہم میں کھل کر اعتراف کیا تھا کہ سابقہ ​​امریکی حکومتوں نے ہی داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کو تشکیل دیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے محاذ کے سپہ سالار  حاج جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کر نے کے بزدلانہ اور دہشت گردانہ اقدام کو امریکی دہشت گردی اور جرائم کی واضح مثال قرار دیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سب سے زیادہ دہشت گردی کی بھینٹ جڑھنے والا ملک ہے جو امریکی حکومت کی براہ راست یا بالواسطہ حمایت سے انجام پاتی رہی ہے اور اس جنگ میں ایران نے سترہ ہزار سے زیادہ شہیدوں کی قربانی دی ہے اور یوں عالمی و علاقائی سطح پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے ۔

امریکی وزارت خارجہ نے ہر سال کی مانند اس سال بھی  دہشتگردی کے سلسلے میں اپنی نام نہاد سالانہ رپورٹ میں اسلامی جمہوریہ ایران کو دہشتگردی کا حامی قرار دیا ہے۔امریکی حکومت ایسے عالم میں دہشتگردی کے خلاف ہر سال رپورٹ شائع کر کے اپنی پالیسیوں کے مخالف ممالک پر دہشتگردی کی حمایت کا الزام لگاتی ہے جب ثبوت و شواہد اس بات کو ثابت کر چکےہیں کہ عالمی دہشت گرد گروہوں کی تشکیل میں امریکی حکومت پوری طرح ملوث رہی ہے-

ٹیگس