Jul ۰۲, ۲۰۲۰ ۰۹:۱۸ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانا اسٹرٹیجک غلطی ہے: ایرانی اسپیکر

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بعض فریقین کی جانب سے قدس کی غاصب اور جابر صہیونی حکومت سے تعلقات کو معمول پر لانے کو اسٹرٹیجک غلطی قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے فلسطین کی اسلامی مزاحتمی تنظیم حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں فلسطینی عوام کی مزاحمت اور حماس تحریک کے مجاہدین کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے صیہونی دشمن کے خلاف مزاحمت اور فتح کو جاری رکھنے میں فلسطینی گروپوں کے قائدین کے کردار کو سراہا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ ثابت ہوا کہ صیہونی صرف مزاحمت کی زبان کو سمجھتے ہیں اور ان سے سمجھوتہ یا  پھر ان کے سامنے عاجزی یا مجبوری بے فائدہ ہے۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی حمایت کی ہے اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ فلسطینی جہد و جہد کرنے والوں کی کوششوں سے صدی کی ڈیل اور مغربی کنارے کے مقبوضہ علاقوں میں شامل ہونے کی حالیہ صہیونی سازش اور منصوبے ناکام ہو جائیں گے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسماعیل ہنیہ نے محمد باقر قالیباف کو پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اور حماس کی تحریک اس وقت تک اپنی مزاحمت جاری رکھے گی جب تک صہیونی مقبوضہ علاقوں کو نہیں چھوڑ دیتے۔

انہوں نے صہیونی حکومت کے قبضے اور اس حکومت کے تسلط اور توسیع پسندانہ اقدامات سے متعلق کچھ ممالک کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم خطے کے کچھ ممالک کی خاموشی کی مذمت کرتے ہیں جو صہیونی دشمن کے ساتھ اپنے تعلقات معمول پر لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی حکومت اور عوام کی بدستور حمایت کا شکریہ ادا بھی کیا۔

ٹیگس