Jul ۰۳, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۷ Asia/Tehran
  • بوریل کو ظریف کا خط: یورپی ممالک ایٹمی معاہدے پر عمل کریں

وزیر خارجہ نے یورپی یونین کے شعبۂ خارجہ پالیسی کے سربراہ کے نام خط میں ایک بار پھر یورپی ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کی مکمل پابندی کریں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے جرمنی، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے آئي اے ای اے میں ایک قرارداد کا مسودہ پیش کرنے کے غیر ذمہ دارانہ اقدام اور اسی طرح ان کی جانب سے ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کیے جانے کی  طرف اشارہ کرتے ہوئے جمعے کو بتایا کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یورپی یونین کے شعبۂ خارجہ پالیسی کے سربراہ اور جے سی پی او اے کے کنوینر جوزف بوریل کو گزشتہ روز ایک خط لکھ کر ایران اور جوہری توانائي کی عالمی ایجنسی کے درمیان سیف گارڈ کے شعبے میں جاری تعاون میں کسی بھی طرح کی مداخلت کو ایٹمی معاہدے کے لیے منفی اثرات کا حامل بتایا۔

ترجمان نے اسی طرح ایٹمی معاہدے کے مطابق پابندیوں کے خاتمے اور معاشی فوائد سے ایران کے پوری طرح بہرہ مند ہونے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی توسیع پسندی اور غیر ذمہ دارانہ حرکت کے مقابلے میں تہران ضروری اور مناسب اقدامات انجام دے گا۔ انھوں نے تینوں یورپی ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکا کی پالیسیوں پر عمل کرنے کے بجائے اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے ایٹمی معاہدے کی حفاظت کی راہ میں قدم اٹھائيں۔

ٹیگس