Jul ۱۶, ۲۰۲۰ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • صدورِ ایران و روس کی گفتگو، مختلف عالمی و علاقائی مسائل پر تبادلۂ خیال

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے روسی صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں روس کی جانب سے ایٹمی سمجھوتے کی حمایت کو سراہتے ہوئے امریکہ کی خودسرانہ پالیسیوں کا مقابلہ کرنے اور تہران ماسکو تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے جمعرات کو روس کے صدر ولادیمیر پوتین کے ساتھ ٹیلی فونی گفتگو کی جس میں انہوں نے ماسکو کے ساتھ تمام سیاسی، اقتصادی، سائنسی اور ثقافتی میدانوں میں دوطرفہ و متوازن تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

صدر روحانی نے تہران و ماسکو کے مابین ہونے والے معاہدوں کو آپریشنل بنانے کے لئے دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان انجام پانے والے صلاح و مشورے اور مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر ایران نے شام میں امن و استحکام کے لئے ایران، روس اور ترکی کے درمیان آنلائن سربراہی اجلاس کے انعقاد کی جانب بھی اشارہ کیا۔  انہوں نے قیام امن بالخصوص انسانی مسائل کے سلسلے میں آستانہ مذاکرات کے عمل میں تینوں ملکوں کے درمیان تعاون جاری رکھنے پر زور دیا کی۔

صدر حسن روحانی نے ایران اور دیگر ممالک میں کورونا کے پھیلاؤ اور گذشتہ ایک مہینے کے دوران اس میں تیزی آنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی ضرورت اور اس بیماری کی روک تھام کے لئے باہمی تجربات کے تبادلے پر زور دیا۔

اس گفتگو میں روس کے صدر نے بھی ایٹمی سمجھوتے کے بارے میں ماسکو کے موقف کی وضاحت کی۔ ولادیمیر پوتین کے کہا کہ گذشتہ پانچ برسوں کی مانند اب بھی ہم اس بین الاقوامی معاہدے کی حمایت کرتے ہیں اور اس پر عمل درآمد اور اس کے تحفظ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔

صدر پوتین نے تمام میدانوں میں ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور باہمی تجربات کے تبادلے کے سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

روس کے صدر نے اس گفتگو میں بین الاقوامی اداروں میں ایران کے موقف کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation links

4:  https://chat.whatsapp.com/EwgdRx3965jD6MG4VUWbAM

6: https://chat.whatsapp.com/DZdWBKZsv7v06U6c7eoOne

Note: All of our messages will be shared to all of our groups equally. Please Do Not Join Multiple Groups.

نوٹ: برائے مہربانی ایک سے زیادہ گروپ جوائن نہ کیجئے، تاکہ دوسرے محترم قارئین بھی فائدہ اٹھا سکیں۔ ہم اپنے اہم لینکس یکساں طور پر سبھی گروپس میں شیئر کر رہے ہیں۔ شکریہ

ٹیگس