Jul ۲۱, ۲۰۲۰ ۲۰:۲۲ Asia/Tehran
  • تہران دہلی تعلقات اہم ہیں، مشترکہ تعاون جاری رہے گا: سفیرِ ہند

ایران کے ریلوے لائن امور کے منیجنگ ڈائریکٹر اور تہران میں ہندوستان کے سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان نقل و حمل خاص طور سے ریلوے کے شعبے میں تعاون کی توسیع کے طریقوں کا جائزہ لیا۔

منگل کے روز ایران کے شہری ترقی کے نائب وزیر اور ریلویز کے منیجنگ ڈائریکٹر سعید رسولی اور ہندوستان کے سفیر گڈام دھرمیندر کی تہران میں ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کے ماضی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایران کے نائب وزیر شہری ترقی نے کہا کہ شمال جنوب بین الاقوامی کوریڈور میں ایران اور ہندوستان کے تعاون کو فعال بنانے کے لئے راہیں ہموار ہیں اور اس منصوبے پر عمل کرنے سے علاقے میں اس ریلوے لائن کے ذریعے نقل و حمل کے اخراجات میں کمی لانے کا اچھا موقع فراہم ہو گا۔

انہوں نے ایران و ہندوستان کے درمیان ہمہ گیر اقتصادی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کا ریلوے کا  شعبہ علاقے اور بین الاقوامی کوریڈور کے ذریعے نقل و حمل میں ہندوستانی ریلوے کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔

تہران میں ہندوستان کے سفیر نے نئی دہلی تہران تعلقات کو خاص اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نقل و حمل کے بنیادی منصوبوں کی تکمیل کے سلسلے میں ایران کے ساتھ  تعاون جاری  رکھنا چاہتا ہے۔

انہوں نے علاقے اور جنوبی بحر ہند میں ایران اور ہندوستان کے تعاون کی توسیع کے فوائد کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نقل و حمل کے شعبے میں ایران اور  ہندوستان کے نمائندہ دفاتر کے قیام سے تعاون کی راہ اور زیادہ ہموار ہو گی۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

7: https://chat.whatsapp.com/CHPuYaKdUxCGK4bzQDsJf4

ٹیگس