Jul ۲۴, ۲۰۲۰ ۰۷:۵۸ Asia/Tehran
  • شام میں غیر ملکی طاقتوں کی موجودگی غیر قانونی ہے: ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے شامی عوام کے خلاف امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام غیر ملکی قوتیں جن کی موجودگی شام میں غیر قانونی ہیں انہیں ملک کو چھوڑنا چاہیے۔

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے شام کی خودمختاری، آزادی، وحدت اور علاقائی سالمیت کے لئے آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک سے اپنے  وعدوں پر عمل در آمد پر زور دیا اور شام میں علیحدگی پسند منصوبوں اور غیر قانونی اقدامات کی مخالفت کی۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے  سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک کے رہنماؤں نے اپنے بیان میں شام پر اسرائیل کے حملوں کو اس ملک کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے منافی اور شام کو بدامنی و عدم استحکام سے دوچار کرنے والا اقدام قراردیا ہے-

انہوں نے سرزمین  شام سے تمام غیر قانونی غیر ملکی فوجیوں کے انخلا کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ، شام کے بعض علاقے پر ناجائز قبضہ اور اس ملک کے تیل اور سرمائے کی لوٹ مار مچانے کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف مہم کے بہانے دہشت گرد گروہوں کی بھرپور حمایت اور ان کی حفاظت کر رہا ہے۔

مجید تخت روانچی نے اس بات پر زور دیا کہ شام کے مسئلے کو فوجی طریقے یا طاقت کا استعمال کر کے ہرگز حل نہیں کیا جا سکتا بلکہ اسےاقوام متحدہ کی قیادت میں سیاسی عمل اور شامی فریقوں کی رہنمائی کر کے ہی سلجھایا جا سکتا ہے۔

آستانہ امن کا عمل، اسلامی جمہوریہ  ایران کی کوششں اور روس اور ترکی کے تعاون سے جنوری دو ہزار سترہ میں شروع ہوا ہے۔ آستانہ امن عمل امریکی عزائم اور یورپی منشا سے مختلف ہے اور شام کے بارے میں ایران، روس اور ترکی کے نقطہ ہائے نظر اور ان کی پالیسی نیز شام کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے تحفظ کے پیش نظر بہت ہی موثر واقع ہوا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف مہم، شامی عوام کی خواہش و مطالبے کا احترام اور شام کی ارضی سالمیت اور قومی حاکمیت کے تحفظ کا پاس و لحاظ ایسے نکات ہیں جو آ‎ستانہ امن عمل میں شامل ملکوں کے درمیان بعض اختلافات کے باوجود بحران شام کے حل کی طرف قدم بڑھانے میں اتفاق رائے کا باعث بنے ہیں۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

7: https://chat.whatsapp.com/CHPuYaKdUxCGK4bzQDsJf4

ٹیگس