ایرانی طیاروں کے مسافرین کی جان خطرے میں ڈالنا امریکہ کی فضائی دہشتگردی ہے : صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ بین الاقوامی فضائی کوریڈور میں امریکی جنگی طیاروں کی جانب سے ایرانی ایئرلائنوں کے مسافروں کی جان خطرے میں ڈالنا فضائی دہشتگردی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے پہلی بار ایسا نہیں کیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ امریکی حکومت کے اس شیطانی اقدام سے پتہ چلتا ہے کہ اس کی ایران دشمن پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں ۔ صدر ایران نے کہا امریکا کے پاس صرف ایک راستہ بچا ہے اور وہ یہ ہے کہ وہ حق ، قانون ، سمجھوتے اوراصولوں پر عمل درآمد اور ایران کے عوام کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کرے ۔
صدر حسن روحانی نے شہری ہوابازی کے عالمی ادارے ایکاؤ ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور تمام ممالک سے مطالبہ کیا کہ امریکی حکومت کی اس کے اس دہشتگردانہ اقدام پر سرزنش کریں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ایران کے خلاف اسلحہ جاتی پابندیوں کی مدت میں توسیع کی امریکیوں کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ایران کے خلاف ایک قرارداد پاس کرانے کے لئے صبح سے شام تک دلالی کرتے ہیں تاہم انھیں اب تک کوئی کامیابی نہیں ملی اور اگر وہ اس میں کامیاب بھی ہوجائیں گے تو ایران انھیں منھ توڑ جواب دے گا۔
صدرحسن روحانی نے کہا کہ دشمن ایران کے اقتصاد کو درہم برہم اور اقتصادی بنیادوں کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ صدرحسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام اپنی ہوشیاری سے دشمنوں کی سازشوں اور افواہوں کو ناکام بنا دیں گے۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link