بیروت کے المناک واقعے پر قائد انقلاب اسلامی کا پیغام
Aug ۰۵, ۲۰۲۰ ۲۲:۰۷ Asia/Tehran
قائد انقلاب اسلامی نے بیروت بندرگاہ پر دھماکے کے واقعے کے بعد لبنان کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے اس پیغام میں جو ان کی ویب سائٹ KHAMENEI.IR کے ٹویٹر ہینڈل سے جاری کیا گيا ہے، کہا گيا ہے کہ بیروت کی بندرگاہ میں دھماکے کے دردناک سانحے میں، جس میں بڑی تعداد میں لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے اور بہت زیادہ مالی نقصان ہوا ہے، ہم لبنان کے عزیز عوام سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے اپنے اس پیغام میں کہا ہے کہ اس حادثے پر صبر، لبنان کے افتخارات کا ایک سنہری ورق ہوگا۔
واضح رہے کہ منگل کی شام بیروت بندرگاہ کے ایک ڈپو میں امونیم نائیٹریٹ ذخیرے میں آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے ایک مہیب دھماکہ ہوا تھا جس میں اب تک کم از کم ڈیڑھ سو افراد جاں بحق اور چار ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔