Aug ۱۱, ۲۰۲۰ ۱۲:۲۸ Asia/Tehran
  • امریکہ کی اشتعال انگیزیوں کا دنداں شکن جواب دیں گے: ایران

ایران کے حکومتی ترجمان نے امریکہ کی جانب سے ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی سے متعلق قرارداد پیش کرنے کی تجویز پر سخت رد عمل دکھاتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ہر قسم کے اشتعال انگیز اور غیر قانونی اقدام کا مناسب اور دنداں شکن جواب دیا جائیگا۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے کہا کہ پہلے سے شکست خوردہ پالیسی کو جاری رکھنے سے فقط حقایق کے سامنے امریکہ کی ناتوانی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی سے متعلق امریکی کوششیں ناکامی سے دوچار ہوں گی اور اسکی مزید گوشہ نشینی کا باعث بنیں گی۔

علی ربیعی کا کہنا تھا کہ در حقیقت عالمی برادری ہونے والے معاہدوں، سمجھوتوں اور قوانین پر عمل در آمد کرانے میں مصمم ہے اور عالمی امن و امان کو متزلزل کرنے کیلئے امریکہ کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

ایران کے حکومتی ترجمان نے امریکی اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو عالمی اداروں کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش میں ہے اور امریکہ کا یہ اقدام کثیرالجہتی تعاون کے خلاف ہے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران کے خلاف عائد اسلحہ جاتی پابندیوں میں توسیع کے تعلق سے امریکہ کی پیش کردہ قرارداد پر آج ووٹنگ ہوگی جس کے بارے میں ماہرین پہلے ہی یہ گمان دے چکے ہیں کہ امریکہ اور اسکے یورپی اتحادیوں کو اپنے اس ایران مخالف منصوبے میں ناکامی کا منھ دیکھنا پڑے گا۔

ٹیگس