ایران دنیا کے اسمارٹ دہشتگردوں کے سامنے ڈٹا رہے گا: پارلیمنٹ اسپیکر
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ جب بھی ملک نے کوٹ و شلوار پہنے دہشتگردوں کے سامنے قیام کیا اور عوامی طاقت پر بھروسہ کیا تو ایران نے ہر شعبے میں کامیابی حاصل کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے پارلیمنٹ کے عام اجلاس سے خطاب میں امریکہ کو ایرانی قوم کا اصلی دشمن قراردیتے ہوئے کہا کہ ہمیں قومی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے سلسلے میں ہر میدان میں مضبوط اور مستحکم ہونا ہوگا ۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایران آج اتنا قوی اور مضبوط ہے کہ خطے کو امریکہ، اسرائیل اور ان کے رجعت پسند اتحادیوں سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی تمام گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
ایرانی اسپیکر نے اقتصادی مشکلات کو حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں ہمیں دشمنوں سے توقع رکھنے کے بجائے اپنی طاقت و توانائی اور صلاحیتوں پر بھروسہ کرنا چاہیے۔
محمد باقر قالیباف نے محرم الحرام کی آمد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مؤمنین تمام طبی ضابطوں کی رعایت کے ساتھ سید الشہداء حضرت امام حسین (ع) کی عزاداری برپا کریں گے۔