Aug ۲۶, ۲۰۲۰ ۰۸:۱۴ Asia/Tehran
  • امریکی پولیس کی نسل پرستانہ سوچ، ظلم و بربریت کی اصل وجہ: ایران

ایران کے نائب صدر نے امریکی پولیس کی نسل پرستانہ سوچ کو ظلم اور بربریت کی وجہ قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے منگل کے روز امریکی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں ایک امریکی سیاہ فام شہری کو اس کے بچوں کے سامنے وحشیانہ طریقے سے قتل کرنے کے واقعے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کی اس سطح کی جڑیں، تاریخی منافرت اور نسل پرستانہ سوچ میں پیوست ہیں جنھیں بدقسمتی سے ٹرمپ کے دور میں ابھرنے کا زیادہ موقع ملا ہے۔

اسحاق جہانگیری نے کہا کہ اس طرح کے جرائم سے نمٹنے میں دنیا بھر میں دوہرے معیار کا وجود ہی کہانی کا سب سے پریشان کن پہلو ہے، دنیا کے ہر کسی کونے میں بیدار ضمیر اس کی مذمت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کی ریاست لوزیانا میں پولیس نے ایک اور سیاہ فام شخص کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایک اسٹور کے باہر پیش آیا جہاں پولیس کی جانب سے 31 سالہ ٹریفورڈپیلرین نامی سیاہ فام امریکی شہری کو 11 گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

ٹیگس