برطانیہ نے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مفاہمت کو مثبت قدم قراردیا
عالمی جوہری ادارے میں تعینات برطانیہ کے مندوب نے جوہری سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے مسائل سے متعلق ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مفاہمت کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ لندن کی حکومت، جوہری ادارے کے فیصلوں کی بھر پور حمایت کرے گی۔
عالمی جوہری ادارے میں تعینات برطانیہ کے مندوب ڈیویڈ ہال نے بدھ کے روز ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایران کی جانب سے آئی اے ای اے کی متعین کردہ مقامات تک رسائی کی فراہمی انتہائی اچھی خبر ہے ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ، ایران جوہری معاہدے کے کیس میں عالمی جوہری ادارے کے سربراہ رافائل گروسی اور ان کی ٹیم کی مکمل حمایت کرے گا۔
اس سے پہلے بھی ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں تعینات روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانوف نے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مفاہمت کو باہمی مشاورت کی اہمیت کی علامت قرار دیا تھا ۔
میخائیل اولیانوف نے اسلامی جمہوریہ ایران اور عالمی جوہری ادارے کے درمیان مشترکہ بیان جاری ہونے کے فورا بعد ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ کے دورہ ایران سے اس تنظیم کی جانب سے دو متعین کردہ مقامات تک رسائی حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ ایران اور عالمی ایٹمی ایجنسی نے ایک مشترکہ بیان میں آئی اے ای اے کی جانب سے نشاندہی کردہ معاملات کو نیک نیتی سے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران اور عالمی ایٹمی ایجنسی نے رافائل گروسی کے دو روزہ دورہ ایران کے اختتام کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔