ایران نے پھر طاقت کا مظاہرہ کیا+ ویڈیو
اسلامی جمہوریہ ایران نے دشمنوں کی دھمکیوں اور خطروں کو مد نظر رکھتے ہوئے فوجی مشقیں کیں اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کرکے دشمنوں کو حیران کر دیا۔
ایران نے ہمیشہ کہا ہے کہ اس کی فوجی پیشرفت، دوستوں کے لئے پیغام محبت ہے لیکن دشمنوں اور بد خواہوں کے لئے کابوس ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ علاقائی سیکورٹی، پڑوسی ممالک کے تعاون سے پوری ہونی چاہئے اور غیر ملکیوں کی مداخلت ختم ہونی چاہئے۔
ایران نے ہمیشہ سے ہی پڑوسی اور دوست ممالک کو پیغام دوستی اور محبت دیا ہے۔
اسی تناظر میں ایرانی فوج کی سہ روزہ ذوالفقار-99 نامی مشترکہ فوجی مشقوں میں بری بحری اور فضائی یونٹوں کے جوانوں نے حصہ لیا ہے اور یہ مشترکہ فوجی مشقیں آبنائے ہرمز کے مشرقی کنارے سے شروع ہو کر شمالی بحر ہند کے دوہزار مربع کلومیٹر کے علاقے میں دس ڈگری کے مدار میں انجام پا رہی ہیں۔
بیس لاکھ مربع کلومیٹر کے دائرے میں ہونے والی ان فوجی مشقوں کا نعرہ " دفاعی طاقت کے سائے میں پائیدار سلامتی" ہے اور یہ ہفتے کے روز تک جاری رہیں گی۔
ان فوجی مشقوں کے دوران بیرونی طاقتوں کے جہازوں اور ڈرون طیاروں کو مشقوں کے علاقے سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی اور انہیں کئی انتباہ بھی جاری کیے گئے۔
ان فوجی مشقوں کے دوران خاتم الانبیاء ایئر ڈیفینس ہیڈ کواٹر کے ریڈار سسٹم نے انتہائی بلندی پر تیز رفتاری کے ساتھ پرواز کرنے والے فرضی دشمن کے ڈرون طیارے کا پتہ لگانے کے بعد اسے شلمچہ نامی ترقی یافتہ میزائیل سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا ۔
ان فوجی مشقوں کے دوران چھوٹے سے چھوٹے سائز میں پرواز کرنے والے ہدف کو بھی فوجی مشقوں کے علاقے میں داخل ہونے سے روکنے اور انہیں اپنے کنٹرول میں لے کر مطلوبہ مقام پر اتارنے کی مشقیں بھی انجام دی گئیں۔
ایرانی فضائیہ کے ایف-4 بمبار طیاروں نے بھی سمندر میں متحرک اہداف کو نشانہ بنانے کی کامیاب مشقیں انجام دیں ۔