Sep ۱۶, ۲۰۲۰ ۲۰:۰۷ Asia/Tehran
  • جھوٹ اور فریب پر مبنی امریکی مہم جوئی سے کچھ حاصل نہیں: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تازہ دھمکی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے.

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کی شب ایک ٹوئٹ میں جنوبی افریقہ میں امریکی سفیر کے قتل کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ کے دعوے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہمیشہ جھوٹ بولنے والے نے جعلی خطرات دکھا کے ڈونلڈ ٹرمپ کو گمراہ کیا تاکہ وہ داعش کے سب سے بڑے دشمن کو قتل کر دیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکی صدر کی حالیہ دھمکیوں پر احتجاج کیا۔ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے  چیئرمین  کے نام خط بھیج کر ایران کے خلاف امریکی صدر کی دھمکیوں کو اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر دو کے منافی بتایا۔ اس شق میں دھمکی یا طاقت کے استعمال کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

مجید تخت روانچی نے ایران کے خلاف ماضی میں امریکی دھمکیوں اور سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلمیانی کے قتل کا ذکر کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کو دھونس دھمکی، دیگر غیر قانونی اقدامات کی انجام دہی اور غیر ذمہ دارانہ پالیسیاں اختیار کرنے سے روکے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے ایران کے خلاف ہر طرح کی مہم جوئی کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی قوم، سرزمین اور مفادات کے جائز دفاع کے لئے ایک لمحہ بھی پس و پیش سے کام نہیں لے گی۔

امریکی صدر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں جنوبی افریقہ میں امریکی سفیر کو قتل کرنے کے ایران کے ارادے پر مبنی پولیٹیکو جریدے کے دعوے کا ذکر کیا اور اس بے بنیاد دعوے کے بارے میں کچھ لفاظیاں بھی  کی ہیں۔

جنوبی افریقہ میں ایران کے سفیر نے کہا کہ دنیا، عراق کے خلاف جنگ شروع کرنے کے لئے امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں کا جھوٹ ابھی بھولی نہیں ہے۔ جنوبی افریقہ میں ایران کے سفارت خانے نے اپنے ٹوئٹر پیج پر ایک ویڈیو فلم جاری کی ہے جس میں امریکی وزیر خارجہ مائک پمپئو اپنے ملک کی انٹیلیجنس ایجنسیوں کی دھوکا دھڑی اور جھوٹ کا اعتراف کر رہے ہیں۔

جنوبی افریقہ میں ایران کے سفیر نے ٹوئٹ کیا ہے کہ اب اس طرح کی کمزور پالیسی اور چال پر کوئی یقین کرنے والا نہیں ہے خاص طور سے ایسے وقت میں کہ جب امریکی صدر ٹرمپ کا وزیر خارجہ بھی ایسے ہی جھوٹوں میں سے ہے بلکہ سب سے بڑا جھوٹا ہے۔

پمپئو نے اس سے قبل اعتراف کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ میں اس سے پہلے سی آئی اے کا سربراہ تھا ۔ ہم جھوٹ بولتے تھے ، ہم دھوکا دھڑی کرتے تھے اور چوری وغیرہ بھی کرتے تھے!

پولیٹیکو جریدے نے امریکی انٹیلیجنس ایجنسیوں اور حکومت کی رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ایران بدستور سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل شہید قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس امریکی جریدے نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ تہران سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کے لئے جنوبی افریقہ میں امریکی سفیر لانا جے مارکس کو قتل کرنا چاہتا ہے۔

 

ٹیگس