قرہ باغ کے مسئلے کے پر امن راہ حل پر ایران کی تاکید
ایران کے وزیر خارجہ نے قرہ باغ مسئلے کے پر امن راہ حل کیلئے ایران کے ہر قسم کے تعاون کیلئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے آذربائیجان کے ہم منصب جیحون بایراموف کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونی گفتگو میں قرہ باغ کے مسئلے کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے ایک بار پھرآذربائیجان کی ارضی سالمیت اور ایران کے اصولی موقف پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران علاقائی دائرے میں قرہ باغ کے مسئلے کو پر امن طریقے سے حل کرنے کیلئے ہر قسم کی مدد اور تعاون کیلئے تیار ہے۔
ایران اور آذربائیجان کے وزرائے خارجہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں قرہ باغ کے مسئلے کے حل کیلئے علاقائی جدت عمل کی ضرورت پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ 27 ستمبر کو قرہ باغ کے متنازعہ علاقے میں آرمینیا اور آذربائیجان کی افواج کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوا تھا اور کہا جا رہا ہے کہ ان جھڑپوں میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔