Oct ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران تمام ملکوں کی ارضی سالمیت کے تحفظ کا قائل ہے: جنرل پاکپور

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے واضح کیا ہے کہ ایران علاقے کے تمام ملکوں کی ارضی سالمیت کے احترام کا قائل ہے۔

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے کہا ہے کہ ملکی افواج ایرانی عوام کے امن و سلامتی کو خاص ترجیح دیتی ہیں۔

جنرل پاکپور نے جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگی علاقے کے قریب ایران کے شمال مغربی سرحدی علاقوں کے دورے کے موقع پر کہا کہ سرحدی حکام نے جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جنگ شروع ہونے کے آغاز سے ہی دونوں فریقوں کو خبردار کیا ہے۔

سپاہ کی بری فوج کے کمانڈر نے کہا کہ ایران کے امن و سلامتی کے منافی عمل میں لایا جانے والا کوئی بھی اقدام تہران کی نظر میں ناقابل قبول ہوگا۔ بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور نے کہا کہ ایران علاقے کے تمام ملکوں کی ارضی سالمیت کے تحفظ کا قائل ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سرحدوں کے سیاسی نقشے میں کسی بھی طرح کی تبدیلی نہیں چاہتا اور یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جو اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے ریڈ لائن سمجھتا جاتا ہے۔

قرہ باغ کے مسئلے پر جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان اختلافات سن انیس سو اٹھاسی سے چلے آرہے ہیں۔ ستائیس ستمبر سے دونوں ملکوں کے درمیان شروع ہونے والی جنگ کے نئے دور میں بھی دونوں طرف کے دسیوں فوجی ہلاک و زخمی ہو چکے ہیں۔

اس درمیان آذربائیجان کی فوج کا کہنا ہے کہ سرحدی شہر قبادلی کو آرمینیا کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا۔جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے اتوار کی رات اس شہر کی آزادی کی خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آذربایجان کی مسلح افواج نے قبادلی کے ساتھ ساتھ زنگیلان، جبرائیل اور اس علاقے کے کئی قصبوں اور دیہاتوں کو بھی آزاد کرالیا ہے۔

جمہوریہ آذربائیجان کی فوج نے سوشل میڈیا پر شہر قبادلی کو آزاد کرائے جانے کی کچھ تصاویر بھی نشر کی ہیں۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جمہوریہ آذربائیجان اور آرمینیا نے ایک مشترکہ بیان میں اعلان کیا ہے پیر کی صبح سے فائر بندی کا نفاذ عمل میں لایا جا رہا ہے۔

ٹیگس