ایران نے پشاور میں ہوئے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی
اسلامی جمہوریہ ایران نے پشاور میں مدرسے پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے منگل کے روز پشاور کے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں کا قتل عام جن میں بچے بھی شامل ہیں اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ یہ دہشت گرد اخلاقی و انسانی اصول سے کوئی سروکار نہیں رکھتے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پچھلے دنوں سے بعض پڑوسی ملکوں میں منصوبہ بند طریقے سے دہشت گردانہ حملے کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد علاقے میں مسلکی اور فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانا ہے.
انہوں نے کہا کہ اس قسم کے دہشت گردانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے ہوشیاری و باہمی کوششوں کے ساتھ ساتھ تمام حکومتوں کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ آج صبح پشاور کے علاقے دیرکالونی کے دینی مدرسے میں دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 7 بچے شہید اور 70 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ آئی ای ڈی دھماکہ تھا۔