Nov ۰۴, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۱ Asia/Tehran
  • ایرانی ڈاکٹروں کا کمال، ایران، انتہائی پیچیدہ نیورو سرجری کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک بن گیا

ایران کے شہر شیراز کے میڈیکل کالج کے ماہر ڈاکٹروں نے دماغ کی ایک انتہائي مشکل اور پیچیدہ سرجری کر کے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا ہے اور اپنے ملک کو اس طرح کی سرجری کرنے والا دنیا کا تیسرا ملک بنا دیا ہے۔

شیراز شہر کے نمازی اسپتال میں بچوں کی نیورو سرجری کے ماہر سرجن، ڈاکٹر مسعودی نے ایک ڈیڑھ سال کی بچی کے دماغ کے دائیں حصے کو سرجری کے ذریعے کامیابی کے ساتھ پورا کا پورا نکال کر اسے ایک نئي زندگي عطا کر دی۔ ڈاکٹر مسعودی نے بتایا کہ اس بچی کے دماغ کے دائيں حصے میں نقص کی وجہ سے اس کے جسم میں مسلسل سخت اینٹھن ہوتی تھی اور وہ کچھ بھی نہیں کر پاتی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے لیے موت کا خطرہ بھی بڑھتا جا رہا تھا۔

ڈاکٹر مسعودی نے مزید بتایا کہ بچی کے دماغ کے ایم آر آئي اور دوسرے مختلف ٹیسٹوں کے بعد ہم نے اس کے مغز کے دائیں حصے کو، جس میں نقص تھا، سرجری کر کے باہر نکالنے کا فیصلہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اب تک یہ سرجری بہت کم ہوئي ہے اور پوری دنیا میں صرف ایک یا دو ملکوں نے یہ سرجری کی ہے۔ ڈاکٹر مسعودی نے کہا کہ اس سرجری کے لیے انتہائي پیشرفتہ مرکز کی ضرورت ہوتی ہے اور چونکہ شیراز کے نمازی اسپتال میں کچھ انتہائي مشکل آپریشن ہو چکے تھے اس لیے ہم نے وہیں یہ سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایران کے اس نیورو سرجن نے بتایا کہ ہم نے کامیابی کے ساتھ بچی کے مغز کے دائيں حصے کو نکال دیا جس کے بعد اس کے ری کور ہونے میں کافی وقت لگنے کا اندازہ تھا کیونکہ اب اس کے مغز کے بائيں حصے کو، دائیں حصے کا بھی کام کرنا تھا۔ ڈاکٹر مسعودی نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے ایک سال میں یہ بچی کافی صحت مند ہو چکی ہے اور حال ہی میں اس کے دماغ کے ایم آر آئي سے پتہ چلا کہ اس کے دماغ کا دایاں حصہ بھی دھیرے دھیرے پنپنے لگا ہے۔

ٹیگس