ظریف - قریشی کی ملاقات، دوطرفہ اور علاقائی مسائل پر تبادلۂ خیال
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بدھ کو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ سے ملاقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بدھ کو اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقے کے حالات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات سے پہلے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔
اس ملاقات میں دہشت گردی، سرحدی و دفاعی تعاون اور دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات کے فروغ کے بارے میں گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اسی طرح علاقے کے سیکورٹی حالات خاص طور سے افغانستان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور پاکستان کے اسٹریٹیجک ریسرج سینٹر سے خطاب بھی وزیر خارجہ ڈاکٹر محمود جواد ظریف کے دورہ اسلام آباد کے پروگرام میں شامل ہے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف دوروزہ دورے پر منگل کی شام اسلام آباد پہنچے ہیں۔ انہوں نے اسلام آباد پہنچنے کے بعد ایک انٹرویو میں خطے کے بعض ممالک کی جانب سے صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی سازش کا ذکر کیا اور کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کے آئندہ اجلاس میں اس سازش کے خلاف مشترکہ نظریہ اور موقف اختیار کیے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنے دورۂ اسلام آباد کے اہداف کے بارے میں کہا کہ وہ دوطرفہ تعلقات اور سرحدی، علاقائی اور عالمی تعاون کے بارے میں پاکستانی دوستوں سے تبادلۂ خیال کریں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے امریکہ میں نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ایٹمی معاہدے کی پوزیشن کے بارے میں کہا کہ سب کچھ امریکہ کے رویے پر منحصر ہے۔