امریکہ بلاقید و شرط ایٹمی معاہدے میں واپس آجائے: ایران
ایران کے حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے نو منتخب حکام ماضی کے عہد و پیمان کے مطابق بلاقید و شرط ایٹمی معاہدے میں واپس آجائیں۔
حکومتِ ایران کے ترجمان علی ربیعی نے ہمارے نمائندے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایران پر عائد پابندیاں اور اس کے پیسوں کی منتقلی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا جائے اور حکومت امریکہ نے اس دوران ملت ایران کو جو نقصان پہنچایا ہے اس کا جواب دے۔
حکومت ایران کے ترجمان نے کہا کہ امریکی انتخابات میں اس ملک کے عوام نے دنیا بھر میں اپنے حکمرانوں کی نسل پرستانہ، متکبرانہ اور مداخلت پسندانہ پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے۔
علی ربیعی نے پڑوسی ممالک کے ساتھ ایران کے تجارتی تعلقات اور امریکہ کی جانب سے دشمنی و کینہ پروری کے باوجود اس سلسلے میں ہونے والے اچھے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، امریکی انتخابات کے نتائج سے قطع نظر اپنی پالیسیاں جاری رکھے گا اور پڑوسیوں کے ساتھ اپنے تعلقات اور سیکورٹی و اقتصادی معاہدوں پر عمل پیرا رہے گا۔