Nov ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۱:۴۰ Asia/Tehran
  • یورپی ممالک کو ایران کا انتباہ

ایران نے کہا ہے ہے کہ یورپی ممالک چالبازیوں کی بجائے اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کریں

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے تین یورپی ملکوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سیاسی بیان بازیوں کی بجائے جامع ایٹمی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے تعلق سے اپنی بات کریں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان خطیب زادہ نے تین یورپی ملکوں برطانیہ، جرمنی اور فرانس کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اس بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دیا  اور کہا کہ  تینوں یورپی ملکوں سے ہمیں توقع ہے کہ وہ سیاسی بیان بازیوں کی بجائے جامع ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے فرائض پر عمل درآمد کی فکر کریں اور مشترکہ کمیشن فیصلوں پر کاربند رہتے ہوئے پورے طور سے جامع ایٹمی معاہدے میں شامل ہوجائيں۔

انہوں نے کہا کہ پرامن ایٹمی سرگرمیاں عالمی قوانین اور ضابطوں کے تحت انجام پارہی ہیں، اور ہر ملک کی طرح یہ اسلامی جمہوریہ ایران کا بنیادی حق ہے۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ تین یورپی ملکوں نے جامع ایٹمی معاہدہ سے امریکہ کے انخلاء کے بعد اپنے وعدوں پر عمل درآمد کرنے میں اپنی ناتوانی کے بعد بھی بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں دعوی کیا کہ ایران جامع ایٹمی معاہدے کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران نے جوبھی قدم اٹھایا ہے وہ جامع ایٹمی معاہدے کی شق نمبر 26 اور 36 کے عین مطابق ہے، اور سارے فریقوں کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی کی صورت میں ایران کے اقدامات بھی بازگشت پزیر ہوں گے۔

 

ٹیگس