Nov ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • مجھے دوبارہ اقتدار مل جائے تو ایران کے ساتھ جلد ہی معاہدہ ہو جائے گا: ٹرمپ

امریکی صدر نے ایک بار پھر خیالی پلاؤ پکاتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ اگر اس ملک کے صدارتی انتخابات کے نتا‏ئج ان کے حق میں سامنے آئیں تو ایران کے ساتھ نہایت تیزی سے سمجھوتہ طے پا جائے گا۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر صدارتی انتخابات کے نتائج ان کے حق میں سامنے آئیں تو بقول ان کے، ایران کے ساتھ نہایت تیزی سے سمجھوتہ ہو جائے گا۔

ٹرمپ نے دعوی کیا کہ صدارتی انتخابات میں ان کے حریف، ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن جب امریکہ کے سابق صدر اوباما کے دور میں نائب صدر تھے تو انہوں نے اربوں ڈالر تہران بھیجے ہیں۔

امریکی صدر نے ایک بار پھر صدارتی انتخابات میں دھاندلی کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک کے حکمراں انہیں فون کرکے کہتے ہیں کہ امریکہ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اس قدر بدنظمی و بدعنوانی ہوئی ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں کبھی نہیں دیکھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ابھی اپنے حریف امیدوار کے مقابلے میں اپنی شکست تسلیم نہیں کی ہے اور وہ بدستور تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بدعنوانی و دھاندلی کے دعوے دار ہیں، جبکہ ریاست وسکانسن میں بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہونے کے بعد ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن ہی کامیاب قرار پائے ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کی ٹیم نے چند روز پہلے اس ریاست میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا اور اس کام کے لئے ٹرمپ کی ٹیم نے تین ملین ڈالر بھی ادا کئے تھے لیکن ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں بائیڈن کو ملنے والے ووٹوں میں ستاسی ووٹوں کا اضافہ ہی ہوا اور یوں ریاست وسکانسن میں دس الیکٹورل ووٹ جو بائڈن کے ہی قرار دیئے گئے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ٹرمپ نے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ ان انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مردے بیلٹ پیپر حاصل کرنے کے لئے درخواست کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں پانچ یا دس ووٹوں کی بات نہیں کرتے بلکہ ان انتخابات میں بہت سے مردوں نے ووٹ دیئے ہیں۔

ٹیگس