Dec ۱۴, ۲۰۲۰ ۲۰:۴۴ Asia/Tehran
  • ایٹمی سمجھوتے کی بقا اور عالمی تعاون دونوں اہم ہیں: صدر روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ یہ ایران کے عوام کا حق ہے کہ پابندیاں ختم کی جائیں۔

ایران کے صدر  ڈاکٹر حسن روحانی نے ملکی و غیر ملکی صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی حکومت ظالمانہ پابندیوں کے خاتمے میں تاخیر نہیں ہونے دے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ اقتصادی جنگ اور کورونا وائرس کے باعث عوام سخت دنوں اور مہینوں کا سامنا کر رہے ہیں اور حکومت بدترین حالات میں ملک کو چلانے کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ انھوں نے پوری قوت سے ایٹمی سمجھوتے کو نابود ہونے سے بچایا ہے جبکہ امریکہ کے موجودہ صدر ٹرمپ کا اصلی مقصد ایٹمی سمجھوتے کو ختم کرنا تھا جس میں وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے کو زندہ رکھنا اور علاقے کے استحکام کے لئے تعاون دونوں ہی اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے اہم ہیں اور عالمی حلقوں میں ایران کے خلاف ٹرمپ کے کامیاب نہ ہو پانے کا ایک سبب دیگر ممالک اور گروپ چار جمع ایک کے ساتھ ایران کی ہماہنگی و تعاون تھا۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت ایٹمی و دفاعی سائنسداں شہید محسن فخری زادہ کو قتل کر کے ٹرمپ کی نحس حکومت کے آخری دنوں میں علاقے میں عدم استحکام پیدا کرنا اور جنگ کی آگ بھڑکانا چاہتی تھی۔ صدر حسن روحانی نے ایک بار پھر زور دے کر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شہید فخری زادہ کے قتل کے انتقام کو اپنا حق سمجھتا ہے اور مناسب وقت اور جگہ پر اس قتل کا انتقام ضرور لے گا۔

 

ٹیگس