امریکہ کے جوہری تجربے پر ایران کی تشویش
ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے نے امریکی سینٹ میں جوہری تجربات کیلئے 10 ملین ڈالر کے بجٹ کی منظوری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے کاظم غریب آبادی نے جامع جوہری تجربہ سے متعلق بین الاقوامی معاہدہ ( سی ٹی بی ٹی ) کے ابتدائی کمیشن کے 55 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےجوہری دھماکے کے ٹیسٹ کرنے کے لیے امریکی ارادے پر تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ اس کارروائی سے عدم پھیلاؤ کے معاہدے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
انہوں نے تمام جوہری ہتھیاروں کے مکمل خاتمے کی ضرورت کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے دیرینہ اور اصولی موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران مکمل تخفیف اسلحہ کے مقصد کے لیے جوہری عدم پھیلاؤ معاہدہ (این پی ٹی) کے مقاصد کی حمایت کرتا ہے۔
ایران کے مستقل نمائندے نے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں اور دیگر جوہری دھماکہ خیز تجربات کو روکنا، ان ہتھیاروں کی پیداوار کے خاتمے اور ایسے ہتھیاروں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے جوہری تخفیف اسلحے کی سمت بڑھایا جانے والا پہلا قدم شمار ہو گا۔