Jan ۰۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • مکتب سلیمانی اور ابلاغیات

ایران کے ریڈیو اور ٹیلیویژن کے قومی ادارے کے سربراہ نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کو توکل، ایمان اور تقوی کا مظہر اور مکتب امام خمینی (رح) کا پروردہ مجاہد قرار دیا ہے۔

آئی آر آئی بی کے سربراہ ڈاکٹر علی عسکری نے اتوار کے روز تہران میں "مکتب سلیمانی اور ابلاغیات" کے زیر عنوان علمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے مقدس دفاع میں دلیر، بہادر اور مومن و مخلص کمانڈر کی حیثیت سے کارنامے انجام دیے اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر کی حیثیت سے بھی اسلامی استقامت کے بڑے بڑے اور اہم ترین اسٹریٹیجک اقدامات انجام دیئے۔ انھوں نے کہا کہ سردار سلیمانی مومن بھی تھے اور اپنے ایمان کے متقاضی اصولوں پر عمل بھی کرتے تھے اور خداوند عالم نے انھیں شہیدوں کو ملنے والے لامحدود رزق سے نوازا۔

ایران کے ریڈیو اور ٹی وی کے قومی ادارے آئی آر آئی بی کی عالمی سروس کے سربراہ ڈاکٹر پیمان جبلی نے بھی اس سیمینار سے خطاب میں بصیرت افزائی کو سردار سلیمانی کا ایک تشہیراتی شاہکار قرار دیا۔انھوں نے شجاعت، دلیری و بہادری، پیشین گوئی اور دور اندیشی کو سردار سلیمانی کی خصوصیات اور ان خصوصیات کو ذرائع‏ ابلاغ کے نقطہ نظر سے قابل ذکر اہمیت کا حامل قرار دیا۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز آئی آر آئی بی یونیورسٹی اور بعض اہم ترین علمی و ثقافتی شخصیات کے تعاون سے تہران میں  "مکتب سلیمانی اور ابلاغیات" کے زیر عنوان دو روزہ کانفرنس شروع ہوئی ۔

ٹیگس