ٹرمپ، تاریخ کے سیاہ باب کا حصہ بن گئے: جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ٹرمپ کے دور اقتدار کے خاتمے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر ٹرمپ اور سابق وزیر خارجہ پومپئو اب تاریخ کے سیاہ باب کا حصہ بن گئے ہیں۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئیٹ میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں سابق امریکی صدر ٹرمپ اور سابق وزیر خارجہ پومپئو کے ملوث ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھاکہ ٹرمپ ، پومپئو اور ان کے دیگر رفقاء اب تاریخ کے سیاہ باب کا حصہ بن گئے تاہم شہید جنرل قاسم سلیمانی کا نام بدستور درخشاں رہے گا۔
اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ نے بدھ کے روز اپنے آئرلینڈی ہم منصب سایمون کاووئی کے ساتھ آنلائن گفتگو کرتے ہوئے جوہری معاہدے کے تحفظ اور مکمل عملدرآمد کے لئے آئرلینڈ کے کردار ادا کرنے میں دلچسپی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پابندیاں ختم کردی گئیں اور امریکی وعدے پورے ہوجائیں تو اسلامی جمہوریہ ایران ماضی کی طرح اس معاہدے پر عملدرآمد کرنے کے لئے تیار ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ابتدا سے جوہری معاہدے کے تحت اپنے وعدوں کے مطابق عمل کیا ہے اور اس معاہدے سے امریکی علیحدگی اور یورپ کی کمزوری کے بعد اس معاہدے کی شق نمبر 36 کے تحت اپنے وعدوں میں کمی لایا ہے۔
آئرش وزیر خارجہ نے جوہری معاہدے کو ایک اہم عالمی سفارتکاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس معاہدے کے تحفظ کے لئے تعمیری کردار ادا کریں گے۔انہوں نے ٹرمپ کے زیادہ سے زیادہ دباو کی پالیسی کو غیرتعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی پالیسیوں نے سفارتکاری کو نقصاں پہنچایا ہے۔