Jan ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۲:۲۲ Asia/Tehran
  • اب ٹرمپ کی زندگی خوف کے عالم میں گزرے گی: زینب سلیمانی

ایران کی قدس فورس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے کہا ہے کہ قاسم سلیمانی کو شہید کر کے ٹرمپ ہیرو تو کیا بنتے، دنیا بھر میں منفور ہو گئے اور اب وہ خوف کے عالم میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اپنے ٹوئیٹر ہینڈل سے سپاہ قدس کے شہید کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’کوئی تمہیں قاسم سلیمانی کو شہید کرنے کی وجہ سے ہیرو نہیں سمجھتا‘۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ  ’مسٹر ٹرمپ! تم نے میرے والد کو اس خام خیالی میں شہید کرایا تھا کہ دنیا تمہیں ہیرو سمجھے گی، وہ داعش کے خلاف کامیاب جنگ کی قیادت کرنے والے جنرل تھے لیکن اس کے مقابلے میں تم مغلوب، تنہا اور ناکام و نامراد ہو چکے ہو، کوئی تمہیں ہیرو نہیں سمجھتا، بلکہ تمہیں ایسا شخص سمجھتے ہیں جو اپنی باقی بچی زندگی دشمنوں کے خوف میں گزارے گا‘۔

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے بھی اپنے  ٹوئٹر ہینڈل پر زینب سلیمانی کے  پیغام کو ری ٹوئٹ کیا ہے۔

 وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹرمپ کی حکومت کے  خاتمے پر اپنے ایک اور پیغام میں لکھا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کا نام روشن ہوگا لیکن ٹرمپ تاریخ کے کوڑے دان میں چلا جائے گا۔

 بدھ کو امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق دن کے بارہ بجے  ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کا باضابطہ خاتمہ ہو گیا اور جو بائیڈن نے ملک کے چھیالیسویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

قابل ذکر ہے کہ قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس اور ان کے  آٹھ دیگر ساتھیوں کو گزشتہ برس تین جنوری کو بغداد ایئر پورٹ کے قریب امریکی دہشت گرد فوج نے ڈرون حملہ کر کے شہید کردیا تھا۔

یہ بزدلانہ  اقدام، ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی امریکی پالیسی کا حصہ تھا، جس پر ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے بعد عملدرآمد کیا۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ زیادہ سے زیادہ دباؤ کی  پالیسی کے ذریعے ایران کو نئے اور بہتر معاہدے کے لیے مذاکرات پر مجبور کردیں گے لیکن وہ آج کچھ حاصل کیے بغیر انتہائی ذلت و رسوائی کے ساتھ  وائٹ ہاوس سے نکلنے پر مجبور ہو گئے اور انکا یہ خواب شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے الوداعی خطاب میں کہا کہ وہ گزشتہ کچھ عشروں ميں امریکہ کے ایک ایسے صدر رہے ہیں جس نے کسی نئی جنگ کا آغاز نہیں کیا اور جنرل قاسم سلیمانی کا قتل ان کی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے۔

امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسی حالت میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کو اپنی حکومت کی کامیابی قرار دیا کہ دنیا بھر میں ٹرمپ کی اس کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ جنرل سلیمانی نے ہی عراق اور شام میں داعش کی نام نہاد حکومت کو ختم کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور عراقی اور شامی عوام اور حکومت جنرل سلیمانی کی قربانیوں کا اعتراف بھی کرتے ہیں۔ 

ٹرمپ کے اس دہشتگردانہ حملے کے ٹھیک دو روز کے بعد یعنی ۵ جنوری کو عراقی پارلیمنٹ نے اپنے ملک سے امریکہ کے باوردی دہشتگردوں کے اںخلا کا بل پاس کر دیا تھا اور ساتھ ہی امریکی صدر کے اس مجرمانہ اقدام کے خلاف ایک مقدمہ بھی عدالت میں دائر کیا گیا جس کے بعد عراق کی ایک عدالت نے حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ کی گرفتاری کا فرمان جاری کر دیا ہے۔

ٹیگس