Jan ۲۳, ۲۰۲۱ ۲۰:۳۲ Asia/Tehran
  • نئی امریکی حکومت سے براہ راست رابطہ قائم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں: نائب وزیر خارجہ

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدہ ایک صحیح دائرہ کار میں انجام پایا ہے اور کوئی بھی بات چیت اسی دائرے میں ہونی چاہئے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کو امریکا کی نئی حکومت سے براہ راست رابطہ کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے.

اطالوی اخبار لار پوبلیکا کو اپنے انٹرویو میں ایران کے نائب وزیر خارجہ نے امریکہ میں اقتدار کی منتقلی اور کانگریس پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کے بارے میں کہا کہ واشنگٹن میں جو کچھ ہوا اس سے امریکی جمہوریت کا حقیقی چہرہ سامنے آ گیا اور اب واضح ہو چکا ہے کہ انہیں دنیا میں کسی سے یہ کہنے کا کوئی حق نہیں ہے کہ وہ اپنے گھر کے مسائل کیسے حل کرے۔

انہوں نے ایٹمی سمجھوتے کے سلسلے میں بائیڈن حکومت سے ایران کے مطالبے کے بارے میں کہا کہ ایران نے نیک نیتی سے مذاکرات انجام دیئے اور ایٹمی سمجھوتے پر عمل کیا اور اب امریکہ کی نئی حکومت کی باری ہے کہ وہ اپنی سابقہ غلطیوں کی تلافی کرے۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے کے بارے میں کوئی نیا سمجھوتہ اور کوئی نئی بات چیت نہیں ہوگی اور امریکہ کو ایٹمی سمجھوتے میں واپس آنے کے لئے تمام پابندیوں کو منسوخ کرنا پڑے گا۔

ٹیگس