Feb ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران دنیا میں کورونا ویکسین تیار کرنے والا بڑا ملک بننے کے لیے تیار

ایران آئندہ تین ماہ کے اندر دنیا میں کورونا ویکسین تیار کرنے والا سب سے بڑا ملک بن جائے گا۔

یہ بات ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی نے صوبہ قزوین میں ایک اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

 ڈاکٹر سعید نمکی کا کہنا تھا کہ ایران آئندہ تین ماہ کے اندر دنیا میں کورونا ویکسین تیار کرنے والا بڑا ملک بن جائے گا جبکہ آئندہ چھے ماہ کے اندر ترجیحی لسٹ میں شامل تمام افراد کی ویکسینیشن مکمل ہوجائے گی۔

ایران کے وزیر صحت نے مزید کہا کہ ہمسایہ ملکوں کے برخلاف ملک میں ایسی کسی بھی ویکسین کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی جس کی معتبر اداروں کی جانب سے حتمی توثیق نہ کردی گئی ہو۔

ڈاکٹر سعید نمکی نے امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کورونا کے عروج کے زمانے میں امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران دواؤں کی درآمد سے بھی محروم کردیا گیا تھا لیکن عوام اور حکومت کی کوششوں سے امریکہ کی مخاصمانہ پالیسیاں بری طرح ناکام ہوگئیں۔

ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ عالمی اداروں کا تخمینہ یہ تھا کہ ایران میں کورونا سے یومیہ اموات بارہ سو سے تجاوز کر جائیں گی تاہم ایران میں یہ تعداد دو ڈیجٹ سے آگے نہیں بڑھی جو اچھی بات ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بھی زیادہ ہے اور اسے مزید کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ امریکہ میں کورونا سے مرنے والوں کی یومیہ تعداد پانچ ہزار سے زیادہ  ہے جبکہ دنیا کے دیگر بڑے ملکوں میں مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زائد ریکارڈ کی جارہی ہے۔

ٹیگس