Mar ۰۳, ۲۰۲۱ ۲۱:۱۴ Asia/Tehran
  • امریکہ یمن میں جاری ظلم کا اصل ذمہ دار !

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ دوسروں پر بے بنیاد الزام تراشی کے بجائے یمن میں پچھلے چھ سال سے جاری ظلم کا حساب دے۔

جنگ یمن کے حوالے سے امریکی وزیر خارجہ کے بے بنیاد الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ بھی ماضی کی غلط پالیسیوں پرعمل پیرا ہے اور یمن کے زمین سے متعلق حقائق کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ پچھلے چھے برس سے بے گناہ یمنیوں کا قتل عام اور اس عظیم ملک کے بنیادی ڈھانچے کونابود کرنے والی قوتیں اچھی طرح جانتی ہیں کہ ان کی غیر انسانی عسکریت پسندی یمنی عوام کی استقامت کے مقابلے میں ناکام ہوگئی ہے اب وہ رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور اپنے جرائم دوسروں کے سر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ یمن میں قیام امن کا امریکی دعوی بھی زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ سکا ہے اور چند ایک نمائشی اقدامات تک محدود ہے۔


سعید خطیب زادے نے واضح کیا کہ ایران نے یمن میں قیام امن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی کوششوں کو آگے بڑھانے کی بھرپور کوشش کی ہے اور یمنی قوم کے خلاف جارحیت کے خاتمے کا سبب بننے والی ہر کوشش کا حمایت کرتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے دعوی کیا ہے کہ یمن کی تحریک انصاراللہ ایران کی حمایت، اسلحے، انٹیلی جینس اور تربیت کے ذریعے ایسی کارروائیاں انجام دے رہی جو بقول ان کے یمن اور سعودی عرب کے عوام اور بنیادی ڈھانچے کےلئے خطرہ ہیں۔

ٹیگس