ایران و پاکستان کے درمیان سیکورٹی تعاون کی تقویت پر تاکید
بین الاقوامی امور میں ایرانی پارلیمنٹ کے معاون خصوصی نے ایران و پاکستان کے درمیان سرحدی سیکورٹی تعاون مزید مضبوط بنائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے تہران میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی سے گفتگو میں اسلام آباد اور تہران کے درمیان تعلقات و تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں خاص طور سے پارلیمانی سطح پر تعاون بخوبی جاری ہے۔
انھوں نے ریمدان سرحدی گذرگاہ کھولے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سرحدوں کے کنٹرول اور سرحدی شہریوں کی معیشت پر اس اقدام کے مرتب ہونے والے اثرات کو اہم قرار دیا اور ایران و پاکستان کے درمیان سرحدی سیکورٹی تعاون کو مزید تقویت پہنچائے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔
اس ملاقات میں ایران میں پاکستان کے سفیر نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں خاص طور سے پارلیمانی شعبے میں جاری تعاون کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر پائیدار امن و استحکام کے لئے اہم اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں اور سرحدی منڈیوں کے قیام کے ذریعے دونوں ملکوں کے سرحدی شہریوں کی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ مشترکہ سرحدوں پر امن، دونوں ممالک کے لئے خاص اہمیت کا حامل ہے۔