Mar ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • پابندیوں کے باوجود دفاعی سازوسامان کی پیداوار میں ایران خودکفیل

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کی بنا پر تہران دفاعی سازوسامان کی تیاری میں خودکفیل ہو گیا ہے۔

ایڈمیرل علی رضا تنگسیری نے جنوبی ایران میں واقع جاسک بندرگاہ میں بحری فوجی مرکز کا معائنہ کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے معین کردہ  نئے ایرانی سال کے  سلوگن  کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ اقتصادی مشکلات و مسائل پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اقتصادی پابندیاں دشمن کا آخری ناکام حربہ ہے اور اس کو بھی شکست سے دوچار اور اس راہ کو رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی کی بدولت بآسانی طے کر لیا جائے گا۔

سپاہ پاسداران کی بحریہ کے کمانڈر نے امریکہ کی آمرانہ ماہیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں سے ایران میں امن و استحکام اور پابندیوں کے باوجود ایران کی اقتصادی ترقی نیز سائنسی پیشرفت اور اسی طرح عالمی سطح پر ایران کو حاصل عزت، بالکل برداشت نہیں ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ سخت ترین پابندیوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران دفاعی شعبے میں خودکفیل ہو گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ہجری شمسی کیلنڈر کے نئے سال کے آغاز کی مناسبت سے اپنے پیغام میں نئے ایرانی سال کو کورونا وائرس کی وبا اورامریکہ کے سخت ترین دباؤ، دونوں کے مقابلے میں ملت ایران کی توانائیوں کے اجاگر ہونے کا سال قرار دیا ہے۔

ٹیگس