جے سی پی او اے سے بہتر اور کوئی راہ حل موجود نہیں
ملت ایران کے خلاف زيادہ سے زیادہ دباؤ کا امریکی حربہ ناکام ہوگيا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کے روز کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جوہری معاہدے کے رکن ممالک سے ایک ہی آواز سنی جا رہی ہے اور یہ تمام ممالک اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس معاہدے سے بہتر کوئی دوسرا حل نہیں ہے اور جوہری معاہدے کے مکمل نفاذ کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہم نے جوہری معاہدے کی بحالی کے ایک نئے باب کا مشاہدہ کیا ہےاور اس معاہدے سے وابستہ تمام ممالک ان دنوں ویانا میں جمع ہوئے ہیں اور سب ہی اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اس معاہدے سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں ہے اور یہ اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے ایک نئی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری حکومت کا اعزاز ہے کہ ہم نے چاربرسوں کے دوران تمام تر مشکلات، دباؤ اور انتہائی سخت پابندیوں اور معاشی جنگ کے باوجود ملک کو اس طرح چلایا کہ ہمارے دشمن اور دوست نےاعتراف کیا کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ کا حربہ ناکام ہوگیا ہے اور یہ ہماری حکومت کے اہم اقدامات میں سے ہے اور ہمیں ایرانی عوام کی فتح کی قدر کرنا ہوگی۔