Apr ۱۴, ۲۰۲۱ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  •  ایران نے کیسے امریکیوں کے ہوش ٹھکانے لگائے ؟ ... صدر کا سخت بیان ... اسرائیل و امریکہ کے لئے پیغام

صدر ایران حسن روحانی نے کہا ہے کہ یورینیم کی ساٹھ فیصد تک افزودگی کا آغاز شرانگیزی اور تخریب کاری کا جواب ہے۔

بدھ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدرایران حسن روحانی کا کہنا تھا کہ آئی آر چھے مشینوں کی تنصیب اور یورینیم کی ساٹھ فیصد تک افزودگی کا آغاز شرانگیزی کا جواب ہے اور اگر صیہونیوں نے ایرانی عوام کے خلاف کوئی اور سازش کی  تو اس کا بھی جواب دیا جائے گیا اور یہ ہمارا پہلا قدم ہے۔

صدر ایران نے یہ بات زوردے کر کہی کہ یہ ان صیہونیوں کی خباثت کا جواب ہے جو ایرانیوں کے خلاف سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکتے اور نطنز میں بھی ان کے عزائم ناکام ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جرائم پیشہ صیہونیوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے۔  اقتصادی جنگ کو ناکام اور ظلم کا خاتمہ کردیں گے۔

صدر ایران نے کہا کہ لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں اور دواؤں اور غذائی اشیا کے حصول میں مشکلات کھڑی کرنے والوں کے ہاتھ بھی کاٹنا پڑیں گے۔

صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایٹمی مذاکرات کرکے امریکہ کے ہوش ٹھکانے لگا دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں طاقتور ہے اور مذاکرات کی طاقت بھی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا ہماری منطق بہت طاقتور ہے اور ہم دشمن کے ہوش ٹھکانے لگاسکتے ہیں۔

دوسری جانب ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ یورینیم کی  ساٹھ فی صد افزودگی  پارلیمنٹ کے منظور کردہ ، پابندیوں کے خاتمے کے اسٹریٹیجک قانون پر عملدرآمد کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس عمل کی ضمانت ایٹمی معاہدے میں بھی دی گئی تھی اور اس بارے میں تحقیقات کا آغاز مدتوں قبل کردیا گیا تھا۔ 

علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ ہم یورینیم کی افزودگی کی سطح میں بتدریج اضافہ کریں گے کیونکہ ہمیں اپنی مصنوعات کے معیار کو بڑھانے کے لیے اعلی سطح کا افزودہ یورینیم درکار ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے منگل کے روز آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے نام ایک خط کے ذریعے آگاہ  کردیا کہ وہ نطنز کی ایٹمی سائٹ میں مزید ایک ہزار جدید ترین سینیٹری فیوج مشینیں نصب کر رہا ہے۔

ایران نے  یہ بھی کہا ہے کہ جدید قسم کی  سینیٹری فیوج مشینوں کی کارکردگی  پرانی مشینوں کے مقابلے میں پچاس گنا زیادہ ہے۔

خبروں  کے لئے ہمارا نیا فیس بک پیج جوائن کيجئے 

 ٹویٹر پر ہمیں فالو کریں 

یوٹیوب پر ڈراموں کے لئے سبسکرائب کریں 

ٹیگس