May ۰۹, ۲۰۲۱ ۰۸:۴۰ Asia/Tehran
  • شہید قاسم سلیمانی کی شہادت کے المناک پہلووں کا انکشاف

امریکی دہشت گردوں کے ہاتھوں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے نئے پہلو سامنے آگئے۔

ایک امریکی نیوز ایجنسی نے اپنی ایک رپورٹ میں سپاہ قدس کے کمانڈر جنرل شہید قاسم سلیمانی پر امریکہ کی دہشت گرد حکومت کے اقدام کے کچھ نئے پہلوؤں کا انکشاف کیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق شہید قاسم سلیمانی کے خلاف انجام پانے والے  مشن میں امریکہ کو صیہونیوں اور عراقی کردستان کی مقامی حکومت کا تعاون بھی حاصل تھا۔

فارس نیوز کے مطابق یاہو نیوز نے اپنی اس رپورٹ میں امریکی دہشت گردوں کے ساتھ صیہونی حکومت اور عراقی کردستان کی مقامی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے تعاون کے مختلف پہلووں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ یہ آپریشن امریکہ کی موجودہ حکومت کی علاقائی اسٹراٹیجی  کو آئندہ چند برسوں میں متاثر کرسکتا ہے۔

یاہو نیوز کے مطابق دسمبر 2019 میں ڈیلٹافورس کے اہلکاروں اور دیگر مربوط فورسز نے بغداد ائرپورٹ پربھیس بدل کر چھوٹے چھوٹے گروپوں میں اپنے مشن پر کام شروع کیا تھا، اور عراقی کردستان نے اس واقعے میں بہت اہم رول ادا کیا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق جس وقت شہید قاسم سلیمانی کے طیارے نے لینڈ کیا اس وقت عراقی کردستان کی سیکورٹی فورس "سی ٹی جی" کے اہلکار لوڈروں کے بھیس میں طیارے کے قریب موجود تھے، تاکہ شہید قاسم سلیمانی کو شناخت کرسکیں، جبکہ تین ڈرون بیک بغداد ائرپورٹ کی فضا میں پرواز کر رہے تھے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گيا ہے کہ ٹرمپ نے اس آپریشن کے منصوبہ سازوں کی حفاظت کے لئے 15 ملین ڈالر کی رقم مختص کی تھی۔ رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ امریکیوں کو سب سے زیادہ " ہوک اور پمپیو" کے خلاف انتقامی کارروائی کا خوف لاحق ہے۔

رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے دوسابق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یہ رقم برایان ہوک اور مائیک پمپیو کے لئے ہے کیوں کہ ایرانی ان دونوں افراد کے لئے سنجیدہ خطرہ شمار ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ کے باوردی دہشت گردوں نے 3 جنوری  2020 میں ایک بزدلانہ اور دہشتگردانہ کارروائی کرتے ہوئے قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی، الحشد الشعبی کے نائب کمانڈر ابومہدی المہندس اور استقامتی محاذ سے وابستہ ان کے چند دیگر ساتھیوں کو بغداد کے انٹرنیشنل ائرپورٹ سے نکلتے ہوئے شہید کردیا تھا۔

عراقی پارلیمنٹ نے اس المناک واقعے کے صرف دوروز بعد ہی عراق میں موجود تمام غیرملکی افواج خصوصا امریکہ کے باوردی دہشت گردوں کے انخلا کے بل کی منظوری دیدی۔

ٹیگس