May ۱۱, ۲۰۲۱ ۰۰:۰۱ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم، ایران کی جانب سے فلسطینی عوام اور مزاحمت کی حمایت کا مطالبہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مقبوضہ فلسطین کی صورتحال اور صیہونی حکومت کے حملوں کے بارے میں عالم اسلام کے متعدد رہنماؤں سے ٹیلیفونی گفتگو کی۔

وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے پیر کی شام حماس کے پولیت بیورو کے سربراہ اسما‏عیل ہنیہ سے ٹیلیفونی گفتگو کی جس میں فلسطینی فریق نے مقبوضہ فلسطین کی حالیہ صورتحال، فلسطینیوں پر صیہونی حکومت کے حملوں اور فلسطینی عوام کی مزاحمت کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔

حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اس گفتگو میں ایران کی جانب سے فلسطینی عوام اور مزاحمت کی حمایت کا مطالبہ کیا۔

اس ٹیلیفونی گفتگو میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے یقین دہانی کرائی کہ ایران، فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے صیہونی حکومت کے اقدامات، فلسطینی روزہ داروں کے خلاف صیہونی فوجیوں کے مظالم، مسجد الاقصی پر حملے اور متعدد مظلوم فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین اور فلسطینی امنگوں کی وسیع پیمانے پر حمایت کا اعلان کیا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اسماعیل ہنیہ کے ساتھ اپنی گفتگو میں ترک ہم منصب سے اپنی گفتگو، اقوام متحدہ میں ترکی کے کردار اور اسلامی تعاون تنظیم کی جانب سے فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت کے بارے میں بتایا۔  

اس سے پہلے وزیر خارجہ جواد ظریف نے فلسطین کی موجودہ صورتحال کے بارے میں اپنے ترک ہم منصب مولود چاوش اوغلو کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو کی۔

ٹیگس