May ۲۱, ۲۰۲۱ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کو اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں دفاع کا حق حاصل ہے، ایران

ایران کے وزیرخارجہ نے نسل پرست صیہونی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف دفاع کو فلسطینیوں کا جائزہ اور قانونی حق قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایرانی مندوب کے ذریعے پڑھ کر سنائے جانے والے اپنے بیان میں وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت نے دنیا کے سب سے بڑے کھلے قید خانے ، غزہ پر بمباری کی ہے اور جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کر کے سیکڑوں بے گناہ فلسطینیوں کا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں وحشیانہ قتل عام کیا ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسرائیل نے غزہ پر حالیہ حملوں کے دوران، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی منصوبہ بند طریقے سے خلاف ورزی کی ہے اور درجنوں رہائشی عمارتوں، سیکڑوں گھروں اور میڈیا ہاوسز کو خاک کے ڈھیرمیں تبدیل کردیا ہے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ مسجد الاقصی کے اطراف میں ایک اور عرب علاقے کو غصب کیے جانے سے واضح ہوگیا ہے کہ بعض عرب ملکوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانا ایک لاحاصل عمل ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تہران ، ہمیشہ فلسطینی عوام کے ساتھ تھا، ہے اور رہے گا۔

ٹیگس