ایران پر لگیں اقتصادی پابندیاں بے اثر، نان پیٹرولئم مصنوعات میں اڑتالیس فیصد کا اضافہ ہوا
اس سال ایران کی نان پیٹرولئم مصنوعات کی برآمدات میں اڑتالیس فیصد کا اضافہ ہوا ہے
گزشتہ مہینے دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ بارہ ارب آٹھ سو ملین ڈالر مالیت کے بائیس ملین دو لاکھ ٹن سامان کا لین دین ہوا جو گذشتہ برس کے مقابلے میں وزن کے لحاظ سے چھے اعشاریہ چھے فیصد اور مالیت کے لحاظ سے اڑتیس فیصد زیادہ رہا ہے۔ یہ خبر اور اعداد و شمار ایران کے نائب وزیر اقتصاد اور ادارۂ کسٹم کے سربراہ مہدی میر اشرفی نے دئے۔
ایران کے ادارہ کسٹم کے سربراہ نے مزید کہا کہ اس دوران چھے ارب تین سو ملین مالیت کا سولہ ملین نو لاکھ ٹن مال ایران سے دیگر ممالک میں برآمد کیا گیا جس میں زیادہ تر پٹرول، پالی ایتھیلین، مٹانول اور فولاد، لوہا اور اسٹیل وغیرہ شامل ہیں۔
میراشرفی نے کہا کہ اس سال گزشتہ سال کی نسبت وزن کے لحاظ سے سترہ فیصد اور مالیت کے لحاظ سے اڑتالیس فیصد برآمدات کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایران کے نائب وزیر اقتصاد نے مال کی ٹرانزٹ کے سلسلے میں کہا کہ اس مدت میں اٹھارہ لاکھ اکتالیس ہزار ٹن مال ایران سے ٹرانزٹ ہوا جو گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک سو اڑتالیس فیصد زیادہ ہے ۔