May ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
  • ویانا میں ایران، روس اور چین کے درمیان تبادلہ خیال

ایران، روس اور چین کے مذاکرات کار وفود کے سربراہوں نے پیر کے روز ویانا میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد سے متعلق اپنے مذاکرات و تبادلہ خیال کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایٹمی سمجھوتے کو آگے بڑھانے کے بارے میں گفتگو کی۔

ویانا میں بین الاقوامی تنظیموں میں ایران کے نمائندہ دفتر نے ایک ٹوئیٹ میں ایران، روس اور چین کے مذاکرات کار وفود کے سربراہوں کے درمیان تبادلہ خیال و گفتکو کی خبر دی ہے۔

ٹوئیٹ کے مطابق ایران کے نائـب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی اور بین الاقوامی تنظیموں روس اور چین کے مستقل نمائندوں وانگ کوان اور میخائیل اولیانوف کی شمولیت سے ایک نشست منعقد ہوئی۔

اس درمیان ایرانی وفد کے سربراہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہے کہ اس دور کے مذاکرات میں سبھی فریق کسی حتمی نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے ویانا میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ ممکن ہے کہ مذاکرات کرنے والے وفود کو ایک بار پھر صلاح و مشور کے لئے اپنے اپنے ملکوں کو لوٹنا پڑے، البتہ ابھی اس سلسلے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک ہفتے سے ویانا میں اس دور کے مذاکرات انجام دے رہے ہیں اور مذاکرات میں بہت سی پیچیدگیاں ہیں اور بنیادی اختلافی موضوعات پر بات چیت جاری ہے۔

 

ٹیگس