Jun ۰۴, ۲۰۲۱ ۰۱:۲۲ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ ایران کا حق رکنیت، امریکہ سے وصول کرے، ایرانی وزیر خارجہ کا طنز

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ایران کا حق رکنیت، اس اثاثے میں سے وصول کرلے جس پر امریکہ نے حال ہی میں ڈاکہ ڈالا ہے۔

جمعرات کو اپنے ایک ٹوئٹ میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے لکھا ہے کہ اس دنیا میں جہاں" سفید کالا " ہوتاہے اقوام متحدہ، ایران کو حق رکنیت ادا نہ کرنے پر جنرل اسمبلی میں رائے دھی سے محروم کر دیتی ہے۔

 وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے لکھا کہ، جس بات کو نظر انداز کیا گیا ہے وہ یہ ہے کہ امریکہ کی اقتصادی دہشت گردی کے باعث ایران غذائی اشیا کی خریداری کے لیے بھی رقم ادا نہیں کرسکتا تو اقوام متحدہ کا چندہ کیسے ادا کرے گا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوترس کے خط کا عکس بھی منسلک کیا ہے جس میں ایران کو چندہ ادا نہ کرنے کی وجہ سے جنرل اسمبلی میں رائے دھی سے محروم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔  

واضح رہے کہ ایک سو دس ملین ڈالر کی ڈکیتی سے ایران کے وزیر خارجہ کا اشارہ امریکہ کی جانب سے غیر قانونی طور پر ضبط کیے گئے تقریبا دو ملین بیرل تیل کی فروخت کی جانب تھا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس نے چند روز قبل خبر دی تھی کہ امریکہ نے متحدہ عرب امارات کی بندرہ گاہ فجیرہ کے قریب روکے گئے تیل بردار بحری جہاز آشیلاس پر لدا تیل، تقریبا پچپن ڈالر فی بیرل کے حساب سے فروخت کردیا ہے۔

امریکہ نے دعوی کیا ہے کہ تیل کی یہ کھیپ غیر قانونی طور پر ایران سے باہر منتقل کی جارہی تھی۔ ایران نے امریکہ کے اس اقدام کو بحری قزاقی قرار دیا ہے۔

ٹیگس