امریکی ریاست جورجیا میں فائرنگ، 2 ہلاک
امریکی ریاست جورجیا کے ایک ساحلی شہر میں کم از کم نو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جن میں سے دو سال کے ایک بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق کم از کم نو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جن میں ایک تیرہ سالہ نوجوان بھی شامل ہے جبکہ فائرنگ کے ان واقعات میں دو سال کا ایک بچہ جاں بحق ہو گیا۔
محکمہ پولیس نے اس واقعے میں دو افراد کے مارے جانے کی تصدیق کر دی ہے تاہم اب تک اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا کہ فائرنگ کرنے والے کون افراد تھے اور فائرنگ کے واقعات کیوں کر رونما ہوئے۔
امریکی پولیس نے صرف اتنا اعلان کر کے معاملے کو دبانے کی کوشش کی ہے کہ فائرنگ کے واقعات کے بارے میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ فائرنگ کے ان واقعات میں زخمی ہونے والے بعض افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
امریکہ کو ان دنوں تشدد، اغوا برائے تاوان اور مسلح حملوں کا سامنا ہے اور سالانہ ہزاروں افراد فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ اعداد وشمار کے مطابق، ڈھائی سے تین کروڑ تک ہتھیار امریکی سماج میں گردش کر رہے ہیں یعنی ہر شخص کے پاس کوئی نہ کوئی آتشیں ہتھیار موجود ہے۔ اسلحہ ساز فیکٹریوں کی طاقتور لابی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے کوئی بھی حکومت امریکہ میں گن کنٹرول قوانین سخت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔