امریکی پابندیاں عالمی امن و سلامتی میں رکاوٹ ہیں: ایرانی مندوب
اقوام متحدہ میں ایران کی سفیر اور نائب مندوب نے امریکی پابندیوں کو عالمی امن اور فلاح بہبود میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے، واشنگٹن کے یک طرفہ اقدامات کو روکنے اور اسے عالمی قوانین کا پابند بنانے کی ضرورت زور دیا ہے۔
کیوبا کے خلاف عائد امریکی پابندیوں کے خاتمے کی ضرورت کے عنوان سے منعقدہ، عالمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، ایرانی سفیر اور نائب مندوب زھرا ارشادی کا کہنا تھا کہ، امریکہ کی یکطرفہ پابندیاں علاقائی اور عالمی امن و سلامتی پر ناگوار اثرات مرتب کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں نے پائدار ترقی کی بنیادی شرائط یعنی امن، فلاح و بہبود اور انصاف کے راستے میں ٹھوس رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں۔ اقوام متحدہ میں ایران کی سفیر اور نائب مندوب زہرا ارشادی کا کہنا تھا کہ ہم پچھلے چار عشروں سے امریکہ کی غیر قانونی پابندیوں کا شکار ہیں، حتی دواؤں اور میڈیکل آلات کا حصول بھی امریکی پابندیوں کی زد پر رہا ہے۔
انہوں نے امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کی پابندی کئے جانے اور دنیا کے دیگر ملکوں کے خلاف اسکے یک طرفہ اور ظالمانہ اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بدھ کے روز کثرت رائے سے ایک قرارداد پاس کی ہے جس میں امریکہ سے کیوبا کے خلاف تمام پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ امریکہ اور اسرائیل نے اس قرارداد کی مخالفت کی ہے۔