Jun ۲۶, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران میں اب کورونا کی کسی نئی لہر کا امکان بہت کم ہے: صدر روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے اور صرف چند صوبوں کی صورت حال ذرا الگ بنی ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے انسداد کورونا کی قومی کمیٹی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ایران میں اب کرونا کی کسی نئی لہر کا سامنا نہیں ہے، البتہ اس سلسلے میں سوفیصد مطمئن بھی نہیں ہوا جا سکتا اور مکمل طور پر احتیاط سے کام لئے جانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ملکوں منجملہ روس، مشرقی ایشیا اور خود ایران کے اطراف کے بعض ملکوں کو کرونا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کا ایرانی ویکسین، ایرانی قوم کا قابل فخر کارنامہ ہے اور رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے ایرانی کورونا ویکسین کی ڈوز لئے جانے کا اقدام مثالی اور گرانقدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی، بہت پہلے ہی غیر ملکی کورونا ویکسین کی ڈوز لے سکتے تھے مگر آپ نے ایرانی کورونا ویکسین کو ہی اہمیت دی اور آپ کا یہ اقدام، ہمارے ملک کے دانشوروں کی حوصلہ افزائی کا باعث بنا ہے اور اس قسم کی ترغیب کا، کسی مادی چیز سے ہرگز کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح یہ بھی کہا کہ ایرانی سال کے پہلے تین ماہ میں ایران کی غیر پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں، پچھلے سال کی مشابہ مدت کے مقابلے میں انہتر فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس