Jun ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران خود مختاری کے محاذ پر کامیاب عالمی جنگ لڑ رہا ہے/ جب دنیا کے ترقی یافتہ ممالک دوسروں کے ماسک چرا رہے تھے، اُس وقت ایران اپنے بل پر کورونا سے جنگ لڑ رہا تھا: سپاہ کمانڈر

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ایران قومی خودمختاری کے محاذ پر عالمی جنگ لڑ ر ہا ہے۔

قومیں تعمیر عہد سے عظیم بنتی ہیں، یہ بات سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہی۔

تہران کی بقیۃ اللہ میڈیکل یونیورسٹی میں، ایرانی ماہرین کی تیار کردہ ری کامبینینٹ (Recombinant) ویکسین کی تقریب رونمائی اور کلینیکل ٹرائل کے آغاز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہم قومی خودمختاری کے محاذ پر عالمی جنگ لڑ رہے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے ایرانی عوام کے بارے میں مغرب کی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا یہ سمجھ رہی تھی کہ ایران اسلامی کورونا کے سامنے گھٹنے ٹیک دے گا لیکن آج ہم اس جنگ میں سینا تانے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے پیک کے دوران دنیا ماسک تک کی محتاج تھی اور ترقی یافتہ ممالک دوسرے ملکوں کے ماسک تک چوری کر رہے تھے۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی امنگوں کی مانند بلند ہے اور اپنے یہاں تیار کی جانے والے کورونا ویکسین دنیا کے غریب ملکوں کو فراہم کرے گا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی کا کہنا تھا کہ پچھلے تین روز کے دوران، ملک کی خودمختاری اور اسلامی انقلاب کی سربلندی کے حوالے سے نمایاں اقدامات کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو روز قبل ایرانی ماہرین کی تیار کردہ کورونا ویکسین رہبر انقلاب اسلامی کو لگائی گئی، گزشتہ روز ایرانی اسپوتنیک ویکسین کی تیاری کا آغاز ہوا اور آج ہم ’’ری کامبینینٹ‘‘ کورونا ویکسین، نورا کی رونمائی کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ایرانی ماہرین کی تیار کردہ ری کامبینینٹ کورونا ویکسین ’’نورا‘‘ کی تقریب رونمائی اور کلینیکل ٹرائل کا آغاز اتوار کو تہران کے بقیۃ اللہ اسپتال میں منعقدہ ایک تقریب دوران کیا گیا جس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی، وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

ایرانی ماہرین نے اب تک کورونا کے مقابلے کے لیے متعدد ویکسین تیار کی ہیں اور عالمی سائنسی برادری نے، ایرانی ماہرین کی ان کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ٹیگس