Jun ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۹:۱۴ Asia/Tehran
  • صدارتی انتخابات میں بھرپور شرکت، ایرانی عوام کا عظیم کارنامہ/ ایرانی عوام نے دشمن کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا: قائد انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العطمی سید علی خامنہ ای نے حالیہ انتخابات کو عوامی مشارکت کا شاندارا جلوہ قرار دیتے ہوئے انتخابات میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت کو عظیم کارنامے سے تعبیر کیا۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران میں عدلیہ کے قومی دن کے موقع پر عدلیہ کے سربراہ اور دیگر اعلی عہدیداروں سے خطاب فرمایا۔ اس موقع پر آپ نے حالیہ انتخابات کو ایک ایسے شاندار اور عظیم کارنامے سے تعبیر کیا جسے ایرانی عوام نے انجام دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے حالیہ انتخابات میں عوامی مشارکت کے سلسلے میں مغربی ذرائع ابلاغ کے منفی پروپیگنڈے کو بیہودہ اور لاحاصل قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ حالیہ انتخابات کی عظمت سے انکار کے لیے پوری کوششیں کی گئیں، خط لکھے گئے اور سوشل میڈیا پر باتیں کی گئیں مگر سب لاحاصل رہیں کیونکہ انتخابات پر نظر رکھنے والے تجزیہ نگار حقیقت سے اچھی طرح واقف نہیں ہیں۔

آپ نے امریکہ، برطانیہ اور خطے کے رجعت پسند ملکوں کے سیکڑوں ریڈیو اور ٹیلی ویژن چینلوں کی جانب سے ایران کے انتخابات کے خلاف چلائی جانے والی طویل پروپیگنڈا کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ دنیا میں کب ایسا ہوتا ہے کہ مخالفین کی فعال اور اثرانداز ہونے والی پوری پروپیگنڈا مشینری صرف ایک کام میں جٹ جائے تاکہ لوگوں کو انتخابات میں شرکت سے باز رکھا جائے؟!

 آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دشمن کی پروپیگنڈا مشینری نے عوامی مشارکت میں کمی کے لیے عوام کی معاشی مشکلات سے امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں اور انہوں نے اپنی پوری کوشش بھی کی، انہیں بیس سے پچیس فیصد تک ٹرن آوٹ کی امید تھی، لیکن ان کی امیدیں پوری نہیں ہوئیں۔

آپ نے فرمایا کہ ماہرین کی رائے کے مطابق، دس فیصد لوگ کورونا کی مشکلات کے باعث انتخابات میں شرکت نہیں کر سکے، تمام تر مسائل اور مشکلات کے باوجود، عوام نے انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لیکر عظیم کارنامہ انجام دیا اور انتخابات کی مخالفت اور بائیکاٹ کی ترغیب دلانے والوں کو زور دار طمانچہ رسید کیا۔

 رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انتخابات میں اصل فاتح ایرانی قوم اور وہ تمام لوگ ہیں جنہوں نے انتخابات کو  پرجوش  اور ولولہ انگیز بنایا اور عوام کو انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کرنے والوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے، ایران کے انتخابات کے بارے میں ایک امریکی عہدیدار کے بیان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکی انتخابات کی رسوائی ساری دنیا کے سامنے ہے اور آج یہ رسوائے زمانہ  لوگ ایران کے انتخابات کے بارے میں زبان درازی اور اس میں نقص نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ اتنی واضح رسوائی کے بعد امریکہ کو انتخابات کے بارے میں بات کرنے کا بھی حق حاصل نہیں۔ 

اس موقع پر رہبر انقلاب اسلامی نے اٹھائیس جون انیس سو اکیاسی کو دہشت گردوں کے ہاتھوں ایران کی بہتّر اہم شخصیات منجملہ اس وقت کے عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ بہشتی کی شہادت کو یاد کیا۔ آپ نے فرمایا کہ دہشت گرد ایرانی عوام کے خلاف سنگین جرم کے مرتکب ہوئے۔

آپ نے فرمایا کہ جن قاتلوں نے اعتراف کیا کہ یہ دہشت گردی انہوں نے انجام دی ہے وہی عناصر آج یورپی ملکوں میں انسانی حقوق کا دعوی کرتے دندناتے پھر رہے ہیں۔ آپ نے فرمایا کہ فرانس اور دیگر یورپی حکومتوں کو شرم نہیں آتی کہ وہ دہشت گردوں کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں اور اس کے بعد انسانی حقوق کا دم بھی بھرتے ہیں!

ٹیگس