ایران نہ کسی طرح کا تسلط قبول کرتا ہے اور نہ کسی پر تسلط جماتا ہے: سفیر ایران
اسلام آباد میں ایران کے سفیر نے پاکستان سمیت سبھی پڑوسی ملکوں سے تعلقات کے فروغ اور استحکام کو تہران کی ترجیحات میں قرار دیاہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات میں کہا کہ ایران نہ کسی طرح کا تسلط قبول کرتا ہے اور نہ کسی پر تسلط جماتا ہے۔
سید محمد علی حسینی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت اور امریکہ کو چھوڑ کر ایران نے دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات میں پس و پیش سے کام نہیں لیا ہے اور کسی بھی ملک کو تعلقات کے دائرے سے خارج نہیں کیا ہے۔
اسلام آباد میں ایران کے سفیر نے ایران پاکستان گیس پائٹ لائن پروجیکٹ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے حکومت پاکستان کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے مطابق تمام وعدوں پر عمل کیا ہے اور انرجی کے اس عظیم پروجیکٹ کو آگے برھانے کے لئے تیار ہے اور اس کا اسٹرکچر بھی تیار ہو چکا ہے۔
سید محمد علی حسینی نے گذشتہ ہفتے تہران میں ہونے والے بین الافغان اجلاس کے سلسلے میں کہا کہ اجلاس مثبت ماحول میں منعقد ہوا اور جس چیز پر تمام فریقوں کا اتفاق کیا ہے وہ جنگ و خونریزی کو روکنے کی ضرورت اور امن منصوبے کو آگے بڑھانے کی کوشش ہے۔