افغانستان کی بحرانی صورتحال کے پیش نظر بری فوج کے کمانڈر کا دورۂ سرحد، سرحد کو پرامن قرار دیا
ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ملک کی مشرقی سرحدوں کی صورتحال مکمل پرامن ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔
میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے یہ بات ملک کی مشرقی سرحدوں کے معائنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔
بری فوج کے کمانڈر عبد الرحیم موسوی نے کہا کہ ہمیں اپنے افغان بھائیوں اور بہنوں کی صورتحال کے حوالے سے گہری تشویش لاحق ہے اور ہم انکی سلامتی اور آسائش و آرام کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج ہر طرح کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح آمادہ ہیں۔
میجر جنرل موسوی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی افغانستان کی موجودہ صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران کی سرحدوں کو نقصان پہنچانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایران کی بری فوج کے کمانڈر نے، اس موقع پر مشرقی سرحدوں کی نگرانی کرنے والے مرکز، ڈرون کنٹرول سینٹر اور الیکٹرانک وار فیئر روم کا بھی معائنہ کیا۔